تبصرہ برکتاب
” ایک عظیم ہستی حضرت علامہ چشتی“
کتاب: ایک عظیم ہستی حضرت علامہ چشتی
تالیف: حضرت مولانا محمد سبطین رضا سبطین مرتضوی
صفحات:٧٢
سن اشاعت: ١٤٤٤ھ/٢٠٢٣ء
ناشر: صراط، پبلیشر، بھوج پور ضلع مرادآباد اترپردیش، ہند
تبصرہ نگار: مفتی نازش مدنی مرادآبادی
زیرِ نظر کتاب”ایک عظیم ہستی حضرت علامہ چشتی “ عزیز گرامی حضرت مولانا محمد سبطین رضا سبطین مرتضوی زید مجدہ کی مایہ ناز قلمی کاوش ہے۔ جو خانوادہ شعیب الاولیاء کے عظیم چشم وچراغ، شیخ طریقت، رہبر شریعت، نبیرہ شعیب الاولیاء، شہزادہ مظہر شعیب الالیاء، عمدۃ الصوفیہ حضرت علامہ الشاہ پیر غلام عبد القادر چشتی قدس سرہ العزیز کے احوال وکوائف، اور محاسن وکمالات پر مشتمل ہے۔ جس میں موصوف نے حضور چشتی میاں علیہ الرحمۃ والرضوان کی حیات وخدمات اور محاسن و کمالات کوانتہائی عمدہ واحسن پیرایہ میں اختصار کے ساتھ بیان کیا۔ کتاب اگرچہ ضخامت کے لحاط سے مختصر ہے مگر اپنے اندر حضور چشتی میاں کے بابت کثیر معلومات کو سموئے ہوئے ہے۔ بلا مبالغہ کہہ سکتے ہیں کہ جو حضور چشتی میاں قدس سرہ کے احوال وکوائف کو مختصر وقت میں پڑھنا چاہتا ہے تو وہ اس کو کتاب کو بزم مطالعہ کی زینت بنائے۔
مؤلف موصوف کا تعلق ہندوستان کے مردم خیر صوبہ بنگال کے قصبہ سوناپور،ضلع اتردیناج پور سے ہے۔ موصوف عمر کے لحاظ سے اگرچہ کم ہیں مگر اس کم عمری میں آپ نے وہ تحریری کارہائے نمایاں انجام دیے ہیں جن کو کرنے کے لیے لوگوں کی عمریں بیت جاتی ہیں۔ یہ یقیناً مولانا کے متحرک اور فعال ہونے کی واضح دلیل ہے۔ مؤلف کی تحریری کاوشوں کی ایک چھلک ملاحظہ فرمائیں۔
١۔ رحمتِ رحمٰن در تسکین رمضان[مطبوعہ]
٢۔ تحقیق تام در الفاظ سلام [مطبوعہ]
٣۔ کاوش سبطین در سیرت غوث الثقلین [مطبوعہ]
۴۔ ریاض الجنۃ فی حیاۃ تاج السنۃ [مطبوعہ]
۵۔ تجلیاتِ حقیقت در حیاتِ مناظر اہل سنّت [غیرمطبوعہ]
۶۔ تفسیر مرتضوی [غیرمطبوعہ]
٧۔ اقوالِ حکما در تذکرہ العلما [غیرمطبوعہ]
٨۔ خوشبوئے سخن [غیرمطبوعہ]
اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا ہے کہ مولیٰ تعالیٰ کتاب کو مقبول عام وخاص بنائے، اور مؤلّف کو ڈھیر ساری جزاؤں سے سرفراز فرمائے۔آمین بجاہ سید المرسلین صلی اللہ علیہ وسلم۔
رشحات قلم:
گدائے سرہند
نازش مدنی مرادآبادی غفر لہ
٢١ صفر المظفر ١۴۴۵ھ/ 7 ستمبر 2023 شبِ جمعہ
0 تبصرے